قومی دفاع

باراک اوباما افغانستان کےحالات کے ذمہ دارہیں :جان مکین

اسلام آباد: (اے پی پی) امریکی سینیٹر جان مکین نے افغانستان کے معاملے میں پاکستان کو کلین چٹ دے دی ، جان مکین کا کہنا تھا کہ افغانستان کے حالات کی ذمہ داری پاکستان یا اشرف غنی کی نہیں ، امریکی پالیسی کی ناکامی اور ناکام لیڈر صدر باراک اوباما اس کے ذمہ دارہیں ۔ امریکا کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جان مکین نے کہا افغانستان کے حالات کا ذمہ دار پاکستان یا اشرف غنی کو نہیں ٹھہرایا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا امریکی پالیسی اور صدر باراک اوباما اس کے ذمہ دار ہیں جو ایک ناکام لیڈر ہیں ۔ جان مکین کے مطابق امریکا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بنیادی طور پر اہم ہیں ، دونوں ممالک کے تعلقات پہلے سے بہتر ہیں تاہم افغانستان میں داعش کے منظر عام پر آنے کے بعد یہ تعلقات اور بھی زیادہ حساس ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا ملکوں کے درمیان مسائل بائیکاٹ سے نہیں بلکہ مذاکرات سے حل کیے جاتے ہیں ۔ این ایس جی میں پاکستان کی شمولیت پر بھارت کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہئے ۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے تعلقات سب کے مفاد میں ہیں ۔ امریکی سینیٹر جان مکین کا کہنا ہے کہ جرمنی ، جاپان اور کوریا کی طرح افغانستان میں بھی امریکی فوج کی مستقل موجودگی مددگار ہوگی ۔ سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کے حوالے سے سینیٹر جان مکین نے بتایا ملاقات سابق صدر کی خواہش پر ہوئی ۔ انہوں نے کہا نواز شریف سے ملاقات نہیں ہوسکی تاہم وہ ان کی اچھی صحت کے لیے دعا گو ہیں ۔ جان مکین نے کہا وہ جلد ہی جنرل راحیل شریف سے ملاقات کریں گے ۔