قومی دفاع

برطانوی چیف آف جنرل سٹاف جنرل نکولس پیٹرک کا میرانشاہ کا دورہ

راولپنڈی(ملت + آئی این پی)برطانوی فوج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل نکولس پیٹرک نے شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ کا دورہ کیاجہاں ان کو عارضی بے گھر افراد کی واپسی اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی ۔ بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق برطانوی فوج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل نکولس پیٹرک نے میران شاہ کا دورہ کیا جہاں فارمیشن کمانڈر نے جنرل نکولس کو شمالی وزیرستان کی موجودہ صورتحال ، بے گھر افراد کی واپسی اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی ۔ان کو پاک فوج کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بھی بتائی گئیں ، کورکمانڈر پشاوربھی برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر سرنکولس پیٹرک نے کہا کہ وزیرستان میں پاک فوج نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے ، میں افغانستان میں کام کر چکا ہوں اور ٹاسک کو سمجھ سکتا ہوں ، پاک آرمی کو کریڈٹ جاتا ہے جس نے علاقے کو کلیئر کروایا ۔ انہوں نے کہا کہ میران شاہ میں ترقیاتی کام دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں۔ قبل ازیں جی ایچ کیومیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے برطانوی فوج کے سربراہ نے ملاقات کی جس میں علاقائی سلامتی وباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقا ت میں برطانوی فوج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل نکولس پیٹرک نے پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں ،خطے میں امن و استحکام کے لیے کوششوں کو سراہا اور دہشت گردی کیخلاف قربانیوں پرخراج عقیدت پیش کیا۔برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی جب کہ اس موقع پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔