قومی دفاع

برفانی تودےسے شہید ہونے والے 3 جوانوں کی نماز جنازہ ادا

برفانی تودےسے شہید ہونے والے 3 جوانوں کی نماز جنازہ ادا

اسکردو:(ملت آن لائن) گیاری سیکٹر میں برفانی تودے تلے دب کر شہید ہونے والے پاک فوج کے 3 جوانوں کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔ دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ سیاچن میں گزشتہ برس 30 دسمبر کو برفانی تودہ گرنے سے پاک فوج کے 5 جوان دب گئے تھے جن کی تلاش کے لئے ریسکیو آپریشن بھی کیا گیا تاہم کوششوں کے باوجود پاک فوج کے پانچوں جوان جانبر نہ ہوسکے۔ سیاچن میں پاک فوج کے 5 جوان برفانی تودے تلے دب گئے سیاچن گیاری میں برفانی تودے تلے دب کر شہید ہونے والے پاک فوج کے 3 جوانوں کا نمازِ جنازہ ادا کردی گئی ہے، شہدا کی نمازِ جنازہ گلگت ہیلی پیڈ میں ادا کی گئی جس میں فورس کمانڈر شمالی علاقہ جات میجر جنرل ثاقب محمود ملک سمیت اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ برفانی تودے میں دب کر شہید ہونے والے پاک فوج کے 5 میں سے 3 جوانوں کا تعلق گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ اور ضلع غذر سے تھا۔

……………………….

اس خبر کو بھی پڑھیے…خوشیاں اورخوشیوں کاجشن شہداکا مرہون منت ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی:(ملت آن لائن) سال نو کی آمد پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ خوشیاں اور خوشیوں کاجشن ہمارےشہداکا مرہون منت ہے۔ سال 2018 کے آغاز پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ملک میں سال نوکاجشن ہماری کامیابیوں کا مظہرہے، نئے سال کے موقع پر ملک بھر میں زبردست جشن قوم کےعزم کاثبوت ہے۔ میجر جنرل آصف غفور نے مزید کہا کہ اپنی خوشیوں میں عظیم مقصد کیلئے شہدا کو یاد رکھیں اور عظیم مقصد میں غازی بننے والوں سے اظہار تشکر کرنا نہ بھولیں کیونکہ خوشیاں اور خوشیوں کا جشن ہمارے شہدا کا مرہون منت ہے۔ کامیاب سال تمام ہوا، سالِ نو کے نئے چیلینجوں کا مقابلہ کرنے کو تیارہیں، آرمی چیف یاد رہے اس سے قبل نئے سال کی آمد پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر باجوہ کا کہنا تھا کہ ایک یادگار سال اختتام پذیر ہوگیا ہے اور سال 2018 انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس میں کئی داخلی اور خارجی چیلینجز درپیش ہوں گے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت پاکستان کے عزم و حوصلوں کو شکست نہیں دے سکتا اور انشااللہ سال 2018 پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کا سال ہوگا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج مشکلات اور مسائل کو چیلینج کے طور پر لیتی ہے اور انہیں حاصل کرنے کے لیے اپنی تمام تر پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ان چیلینجز کو مواقعوں میں تبدیل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔