قومی دفاع

برہان وانی آزادی کا سپاہی تھا اورکشمیری آزادی لےکررہیں گے، وزیراعظم

لاہور:(اے پی پی) وزیراعظم نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی ایک بار پھر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ برہان مظفر وانی تحریک آزادی کا عظیم سپاہی تھا اور کشمیری عوام آزادی لے کر رہیں گے۔ گورنر ہاؤس پنجاب میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، میں اور پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف عالمی ضمیر کو جگائیں گے اور کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کی حمایت جاری رکھیں گے، وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری کشمیریوں کو ان کا حق دلوائے۔ وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہربان مظفر وانی تحریک آزادی کا عظیم سپاہی تھا اور کشمیری عوام آزادی لے کر رہیں گے، تمام ادارے بھارت کے قبضے اور کشمیریوں پر مظالم کے حوالے سے ہر سطح پر اس مسئلے کو اجاگر کریں۔ انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی 7 لاکھ فوج تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتی، بھارتی مظالم سے کشمیریوں کی تحریک آزادی مزید مضبوط ہوگی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف نے 19 جولائی کو سرکاری سطح پر یوم سیاہ منانے کی تجویز پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔