اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم محمد نواز شریف کی صدارت میں سیاسی اور عسکری قیادت کا اجلاس ہوا جس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ پاک سرزمین سے دہشت گردی کا خاتمہ قومی عزم ہے، اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی ایجنسیوں کے اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیر داخلہ چودھری نثار، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، خارجہ امور کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی، قومی سلامتی کے مشیر، ڈی جی آئی ایس آئی اور دوسرے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں قومی اور اندرونی سلامتی کے ایشوز پر مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم اور اجلاس کے دیگر شرکاء نے شبقدر چارسدہ میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی جس میں سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں اور سویلین کی شہادت ہوئی۔ دریں اثناء ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعظم اور آرمی چیف کے دورہ سعودی عرب کے بارے میں بھی مشاورت کی گئی، وزیراعظم اور آرمی چیف آج سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ فوجی مشقیں دیکھیں گے۔ اجلاس میں سعودی عرب کی قیادت میں بننے والے اتحاد کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں آپریشن ضرب عضب کے نتائج پر بھی بات چیت کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح اور قومی عزم ہے ، ملک بھر سے دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔ اجلاس میں دورہ سعودی عرب کے ایجنڈے کو بھی حتمی شکل دی گئی۔ مشیر برائے قومی سلامتی جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے پاکستان بھارت تعلقات پر بریفنگ دی، وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں، ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح اور قومی عزم ہے، دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کو ملک بھر سے ختم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں دہشت گرد کمزور ہو گئے ہیں۔ دہشت گردوں کے بڑے بڑے نیٹ ورک ٹوٹ چکے ہیں۔ ملک میں امن کی فضا قائم ہو رہی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم اور جنرل راحیل نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم اور سکیورٹی اداروں کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ وطن عزیز کے ایک ایک انچ سے دہشتگردوں کا مکمل صفایا کریں گے۔ اجلاس میں ملک اور خطہ کی سکیورٹی کی صورتحال اور پٹھانکوٹ واقعہ کی تحقیقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔