کوئٹہ:(اے پی پی)کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹینٹ جنرل عامر ریاض نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دشمن کو دوباہر منظم نہیں ہونے دینگے ،شہداء فرنٹیئر کور کی قربانیوں کی بدولت آج بلوچستان میں امن قائم ہے ،پاک فوج ،فرنٹیئرکور بلوچستان اورصوبے میں رہنے والے پشتون اور بلوچ ملکر دشمن کے عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کو فرنٹیئرکور بلوچستان کے شہداء کے لواحقین میں مکانات کے چابیاں تقسیم کرنے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور میجر جنرل شیرافگن سمیت دیگر آفیسران بھی شریک تھے۔کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹینٹ جنرل عامر ریاض نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ آج ان شہدا کے لواحقین کے لیے منعقدہ تقریب میں شریک ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کی قربانی دیکر وطن عزیز کے خلاف ہونے والے سازشوں کو ناکام بنا دیا،شہادت کا رتبہ ہر کسی کو نہیں ملتا اللہ تعالیٰ جس کو پسند کرتا ہ ہیں اسے شہادت کا رتبہ نصیب کرتا ہے، اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں شہادت کی اہمیت بیان کی ہے اور حضور پاک ﷺنے بار بار شہادت کی تمنا کی ہے، انہوں نے شہدا کے لواحقین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہدا نے اپنی قربانیوں کی بدولت وطن عزیز پاکستان کے صوبے بلوچستان میں دشمنوں کے عزائم کو ناکام بناتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ،آج آپ کے شہدا کی قربانیوں کی بدولت بلوچستان میں امن قائم ہوا ہے ان شہدا نے سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن کے عزائم کو ناکام بنادیا ۔کمانڈر سدرن کمانڈنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور میجر جنرل شیرافگن نے چارج سنبھالتے ہی اس عزم کااظہار کیا کہ وہ شہدا ایف سی کے لواحقین کو نہ صرف مکانات بلکہ بیٹیوں کی شادی کے موقع پر جہیز ،بچوں کی تعلیمی وظائف بھی فراہم کرینگے،آج انہوں نے عملی ثبوت پیش کرتے ہوئے 26شہدا کے لواحقین میں مکانات کے چابیاں تقیسم کرنے کی مناسبت سے تقریب منعقد کی ہے جو قابل تحسین عمل ہے۔ انہوں نے شہدا کے لواحقین کو یقین دلایا کہ وہ انہیں کسی حال میں نہیں بھولیں گے ۔بعدازاں کمانڈر سدرن کمانڈ نے ایف سی کے شہداء کے لواحقین میں مکانوں کی چابیاں تقسیم کیں ۔