کوئٹہ: (ملت+اے پی پی) آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سدرن کمانڈ کوئٹہ کا الوداعی دورہ کیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سدرن کمانڈ اور ایف سی کے جوانوں اور افسروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ اپنے دورے کے دوران فرنٹیئر کور اور سدرن کمانڈ کے جوانوں و افسروں سے خطاب بھی کیا۔ اپنے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا بلوچستان کی عوام نے بیرونی امداد یافتہ دہشتگردوں کو مسترد کر دیا ہے۔ بلوچستان کی عوام نے دہشتگردوں کے نیٹ ورک ختم کرنے میں ریاست کی مدد کی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا بلوچستان میں صورتحال دہشتگردوں اور انکے ہمدردوں کے مکمل خلاف ہو چکی ہے۔ کہتے ہیں بحیثیت چیف آف آرمی سٹاف صوبائی حکومت کی معاونت اور اداروں کی تشکیل نو اور ترقیاتی کام میری اولین ترجیح رہے۔ ان ترجیحات کی وجہ سے میں ہر ماہ بلوچستان کا دورہ کرتا تھا۔ آرمی چیف نے کہا بلوچستان کے دشوار علاقوں میں 1 ہزار کلو میٹر روڈ کی تعمیر پر ایف ڈبلیو او اور سدرن کمانڈ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا گوادر پورٹ اور سی پیک کی تعمیر علاقے کو امید اور خوشحالی کے نئے دور میں داخل کر دے گی جس کے فوائد عام آدمی تک پہنچیں گے۔