اسلام آباد:(اے پی پی) ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کو عدم استحکام کی جانب دھکیلنے کےلئے دہشت گردوں کی مالی معاونت کرتاہے۔ دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان تمام آزاد ممالک کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے لیکن بھارت پاکستان کو عدم استحکام کی جانب دھکیلنے کےلئے دہشت گردوں کی مالی معاونت کرتاہے ۔ بھارتی خفیہ ایجنسی را کراچی اور بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے اورکلبھوشن یادو کی گرفتاری کے بعد بھارت کی پاکستان میں مداخلت ثابت ہوچکی ہے۔ کلبھوشن نے اعتراف کیا کہ اس نے پاکستان میں متعدد خفیہ آپریشن کئے اور اقتصادی راہداری منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں ملوث رہا ہے۔ نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان بھارت سے مذاکرات کرنے کے لئے ہر دم تیار ہے اور جموں کشمیر سمیت تمام تنازعات پر پرامن ماحول میں بات چیت سے حل کرنا چاہتا ہے ۔ بھارت کو الزام تراشی کے بجائے مثبت انداز میں مذاکرات کی میز پر آنا چاہئے۔ افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15 برس میں افغانستان میں طاقت کے استعمال کے باوجود امن قائم نہ ہوسکا بلکہ مسائل میں مزید اضافہ ہوا، چار ملکی کور گروپ اپنی جگہ موجود ہے اور پاکستان بھی اس گروپ میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے جو آئندہ بھی جاری رہے گا اور امن کے قیام کےلئے پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا گیا ہے لیکن افغانستان میں امن کے قیام کے لئے افغان طالبان گروپس کا بھی میز پر آنا ضروری ہے۔