راولپنڈی/اسلام آباد/بھمبر /چکوٹھی /سماہنی (ملت + آئی این پی) بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ، 2بچیاں شہید اور 4شہری زخمی ہوگئے ، پاک فوج بھارتی جارحیت کا موثر جواب دے رہی ہے ، جوابی کارروائی میں کئی بھارتی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایاگیاہے ۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کا جنگی جنون ختم ہونے کی بجائے بڑھتا جارہاہے اور اس نے پاکستان کے سرحدی علاقوں میں شہریوں کو بھی نشانہ بنانا شروع کردیاہے ۔ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایل او سی کے کھوئی رٹہ سب سیکٹر کے دیہات میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2بچیاں 4سالہ ریبہ اور 7سالہ فائزہ شہید ہوگئیں جبکہ3شہری زخمی ہوگئے جن میں 24سالہ محمود،16سالہ شہزور اور 8شازیہ شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی چوکیوں کو نشانہ بنایا ۔دریں اثناء بھارتی فوج نے بھمبر سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس پرپاک فوج نے موثر اندازمیں جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا یا۔بھارتی فوج نے بھمبر سیکٹر کے علاقوں ٹنڈر اور برو ہ میں بلااشتعال فائرنگ کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی اشتعال فائرنگ سے کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ اس کے علاوہ بھارتی فوج نے چکوٹھی سیکٹر پر بھی فائرنگ کی جس کا پاک فوج کے جوانوں کی جانب سے موثر جواب دیاگیا ۔ ادھر مقامی لوگوں کے مطابق بھارتی فوج نے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری میں سما ہنی سیکٹر کی قریبی سول آبادی کو بھی نشانہ بنا ڈالا سما ہنی کے سرحدی علاقوں چاہی نہالہ بڑوھ اور کوٹلی گوجراں پر شدید گولہ باری بڑوھ کے مقام پر تعظیم اختر زوجہ عرفان الہیٰ زخمی ہو گئی جبکہ راجہ یونس خان سیالہ کی بھینس اور بکری زخمی دیگر جگہوں سے جانوروں کے زخمی و ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں ۔کنڑول لائن پر واقع سرحدی علاقوں بڑوھ، ڈنہ ، کوٹلی گجراں ، ہری پوری ، سیالہ ، بندلی ، کے لائن آف کنٹرول پر واقع دیہات ، بڑوھ ، ڈنہ سمیت کئی دوسرے علاقوں پر چھوٹے فائر کے ساتھ مارٹر شیلنگ کی اور سول آبادی کو بھی نشانہ بنایا جس سے سرحدی علاقوں کے مکین کئی گھنٹے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ادھر پاک فوج نے بھارتی فوج کے جواب میں موثر کارووائی کی اور دشمن کے مورچوں کو نشانہ بنایا فائرنگ و گولہ باری شروع ہوتے ہی تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ہائی الرٹ کر دیا گیا اور عملہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت موجود رہا آخری اطلاعات تک فائرنگ و گولہ باری کا سلسلہ شروع تھا ۔ ادھر دفتر خارجہ نے بھارت کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیاہے ۔ترجمان دفترخارجہ نے اپنے ایک بیان میں بھارت کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ ہم ورثاء کے غم میں برابر کے شریک اور زخمیوں کی جلدصحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔