قومی دفاع

بھارتی جنگی جنون عروج پر، سپرسونک میزائل کا کامیاب تجربہ

نئی دلی:( اے پی پی) بھارت نے ایک مرتبہ پھر جنگی جنون کا مظاہرہ کرتے ہوئے سپرسونک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس سے خطے میں عسکری توازن خراب ہوگا۔ سوپر سونک میزائل کا کامیاب تجربہ اڑیسہ کے ساحل پر کیا گیا جہاں سپرسونک میزائل نے کامیابی سے ہدف کو فضا میں ہی نشانہ بنایا۔ ڈیفنس ریسرچ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے مطابق سپرسونک میزائل کسی بھی بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس میں نیوی گیشن نظام کے علاوہ الیکٹرو مکینکل ایکٹیویٹر نصب ہے جو اس کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرتا ہے۔ دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت پر خطے کی سب سے بڑی فوجی قوت بننے کا جنون سوار ہے جس کی وجہ سے وہ اپنی روایتی قوت میں خاطر خواہ اضافے کے علاوہ بیلسٹک میزائلوں سمیت ہر قسم کے ایٹمی ہتھیار تیارکررہا ہے، ایٹمی قوت میں اضافے سے جنوبی ایشیاء کے استحکام کو نقصان پہنچ رہا ہے اور اس سے خطے میں ہتھیاروں کی نئی دوڑ شروع ہوسکتی ہے۔