قومی دفاع

بھارتی خلاف ورزیاں، پاک فوج کی بریفنگ

راولپنڈی: (ملت آن لائن) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو بھارتی اشتعال انگیزیوں کے معاملے پر احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کی جی ایچ کیو میں آمد بلایا گیا۔ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھارتی فوجیوں نے 10، 13 اور 16 مئی کو رہائشی آبادیوں کو نشانہ بنایا، بھارتی فوج نے چھوٹے، خودکار اور بھاری اسلحہ استعمال کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سبز کوٹ، بروہ، ٹانڈر، کھوئی رٹہ، کوٹ کوتیرہ اور کیرالہ سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، بھارتی اشتعال انگیزی سے ایک شہری شہید، عورتوں اور بچوں سمیت 15 افراد زخمی ہوئے۔ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کو کنٹرول لائن کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔ دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق، چمن باب دوستی پر پاکستان اور افغانستان کے نمائندوں کے درمیان فلیٹ میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں دونوں ممالک نے اتفاق رائے ہونے تک فائر بندی برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ پاکستان نے واضح کیا کہ بین الاقوامی سرحد پر اپنے علاقے میں فوجی دستے تعینات کئے ہیں، پاکستانی فوجی دستے سرحد پر ہی موجود رہیں گے۔