اسلام آباد /لندن (آئی این پی) حیدر آباد فنڈ کیس میں برطانوی عدالت نے بھارتی اپیل پر پاکستان کے حق میں فیصلہ دیدیا‘عدالت نے پاکستان کے خلاف بھارت کی تمام کوششوں کو مسترد کردیا‘ بھارت 35ملین پاؤنڈز کی رقم پر پاکستان کا دعویٰ غلط ثابت نہ کرسکا‘ بھارت کو کیس ہارنے پر مقدمے کے اخراجات بھی برداشت کرنا ہوں گے۔ منگل کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حیدر آباد فنڈ کیس میں برطانوی عدالت نے بھارتی اپیل پر پاکستان کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے۔ برطانوی عدالت کا فیصلہ پاکستان کے اصولی موقف کی تائید ہے۔ بھارت پاکستان کو فنڈ سے بے دخل کرنے کے لئے عدالت کو قائل کرنے میں ناکام رہا۔ ترجمان کے مطابق نظام آف حیدر آباد دکن نے حکومت پاکستان کو دس لاکھ پاؤنڈز دیئے تھے اس وقت یہ رقم تین کروڑ پچاس لاکھ پاؤنڈز ہوچکی ہے۔ بھارت نے لندن کی عدالت میں دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کا اس فنڈ پر حق نہیں ہے تاہم لندن کی عدالت نے بھارت کے موقف کو مسترد کردیا جس کے بعد اب بھارت کو تمام رقم پاکستان کو ادا کرنا ہوگی۔ دوسری طرف بھارت کیس ہارنے پر مقدمے کے اخراجات بھی برداشت کرے گا۔ ترجمان کے مطابق یہ رقم اس وقت لندن کے ویسٹ سٹیٹ بنک میں موجود ہے۔ (ن غ)