راولپنڈی /راولاکوٹ (ملت+ آئی این پی) لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی مسلسل جاری بلا اشتعال فائرنگ سے ماں اور بیٹی شہید جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے بٹل ،چڑ ہوئی اور کھوئی رٹہ سیکٹر پر گولہ باری کی۔منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق) بھارتی فوج کی جانب سے بٹل سیکٹر پر فائر کیا گیا گولا ایک گھر پر گرا جس کے نتیجے میں ماں بیٹی شہید ہو گئیں جبکہ تین افراد زخمی ہوئے۔چڑہوئی سیکٹر پر بھارتی اشتعال انگیزی سے کئی گھروں کو نقصان پہنچا جبکہ کھوئی رٹہ سیکٹر میں سکول بند کر دیئے گئے، ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی مسلسل جاری ہے، جس کی وجہ سے ایل او سی کے قریبی علاقوں میں مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔