بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ، ایک شہری شہید اور 3 زخمی
راولپنڈی:(ملت آن لائن) بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر فائرنگ سے ایک شہری شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ روز بھی بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری شہید ہوا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر نکیال سیکٹر کے گاؤں تھروٹی نار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک معصوم شہری محمد فاروق شہید ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے 3 شہری زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال نکیال منتقل کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی پر پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا اور چوکیوں کو نشانہ بنایا۔