قومی دفاع

بھارتی فوج کی ایک بار پھر ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ، خاتون زخمی

راولپنڈی (ملت + آئی این پی) بھارتی فوج نے ایک بار پھر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی ہو گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر بروہ اور بھمبر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کر کے سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا، بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں ایک خاتون زخمی بھی ہوئی جب کہ پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا جس سے دشمن کی گنیں خاموش ہو گئیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ 26 فروری کو بھی آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 4 خواتین زخمی ہوئی تھیں۔اس سے ایک روز قبل 25 فروری کو بھی بھارت کی اشتعال انگیز فائرنگ کے باعث نکیال سیکٹر کے قریب گاؤں بالاکوٹ کی 64 سالہ خاتون نذیرت بی بی زخمی ہوگئی تھیں۔علاوہ ازیں 25 فروری کو ہی سیالکوٹ میں غلطی سے ورکنگ باؤنڈری کراس کرنے والی معمر پاکستانی خاتون ہندوستان کی بارڈر سیکیورٹی فورس کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئیں تھیں۔