قومی دفاع

بھارتی فوج کی ایک ہی دن میں دو بارایل او سی کی خلاف ورزی: آئی ایس پی آر

راولپنڈی (ملت+ آئی این پی )جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فوج نے ایک ہی دن میں دوسری مرتبہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی،بھارتی فوج کی فائرنگ سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ،پاک فوج کی جانب سے بھارتی فورسز کو منہ توڑ جواب دیا گیا ۔پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے پیر کی رات 12بجے سے لے کر 4بجے تک فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا ،بھارتی فوج کی جانب سے افتخارآباد سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کا جواب پاک فوج کی جانب سے منہ توڑ دیاگیا،اس کے بعد بھارتی فورسز نے 11:30پر پھر لائن آف کنٹرول کے نیزہ پیر سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی ،پاک فوج کی جانب سے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا گیا،بھارتی فوج کی فائرنگ سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ 5 روز میں چوتھی بار لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی جا چکی ہے، پہلے بھارتی فوج نے پونچھ بٹل سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کر کے پاک فوج کے دو جوانوں کو شہید کیا اور دو روز قبل بھی بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی کی گئی جبکہ کنٹرول لائن پر فائرنگ کا یہ تازہ واقعہ کشمیر میں علاقے بارہ مولہ میں انڈین فوجی کیمپ پر حملے کے بعد پیش آیا۔ بارہ مولا میں قائم انڈین فوج کے 46 راشٹریہ رائفلز کے کیمپ پر مسلح افراد کے حملے میں انڈین بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کا ایک اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوئے تھے۔(خ م)