قومی دفاع

بھارتی فوج کی جانب سےایک بارپھرایل اوسی کی خلاف ورزی

مظفرآباد: (ملت+اے پی پی) بھارتی فوج کی جانب سے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف وزری کی گئی جب کہ پاک فوج کی جانب سے بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا ۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے افتخار آباد سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی ۔ تاہم پاک فوج کے جوانوں نے بھی بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارتی عزائم کو خاک میں ملا دیا ۔ واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے گزشتہ 5 روز میں تیسری بار لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی جا چکی ہے، پہلے بھارتی فوج نے پونچھ بٹل سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کر کے پاک فوج کے دو جوانوں کو شہید کیا تھا اور دو روز قبل بھی بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کی خلاف ورزی کی گئی تھی ۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ بھارت نے تین روز کے دوران تیسری مرتبہ لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ بھارت نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے ۔ بھارتی فورسز نے گزشتہ رات افتخار آباد سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی ۔ نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے گزشتہ تین روز کے دوران سرحدی خلاف ورزی کا یہ تیسرا واقعہ ہے ، پاکستانی فورسز کی جانب سے بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کا موثر انداز میں جواب دیا گیا ۔