راولپنڈی (ملت + آئی این پی) لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فورسز کی جانب سے ایک مرتبہ پھر فائرنگ اور گولہ باری کی گئی جس کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا۔ پاک فو ج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایل او سی کے شاہ کوٹ، جورا، بٹل، کریلہ، باغ، باگسر اور تتہ پانی سیکٹر پر بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے تمام سیکٹرز پر شہری آبادیوں کو نشانہ بنا یاجس پر پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی اور بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فو ج کی جانب سے سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزیاں حالیہ کچھ عرصے سے ایک معمول بن چکی ہیں۔ رواں ماہ 19 نومبر کو بھی ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر ہندوستانی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 4 پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ کئی زخمی ہوگئے تھے، اسی روز 6 بھارتی فو جی مارے گئے تھے ۔ گذشتہ روز بھارت نے لائن آف کنٹرول کے نزدیک اپنے 3 فوجیوں کی ہلاکت تسلیم کی جن میں سے ایک فوجی کی لاش کے متعلق بتایا گیا کہ وہ ’مسخ شدہ‘ تھی، تاہم پاکستان نے بھارتی میڈیا کی جانب سے فوجی کی لاش کو مسخ کیے جانے کے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کی تردید کی۔ رواں ماہ 18 نومبر کو بھارتی بحریہ کی جانب سے بھی پاکستانی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی گئی تاہم پاک بحریہ نے پاکستانی سمندری علاقے میں بھارتی آبدوز کی موجودگی کا سراغ لگا کر انھیں اپنی سمندری حدود میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔