قومی دفاع

بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ، ایک شہری شہید 2 بچے زخمی

بھارتی فوج کی کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ، ایک شہری شہید 2 بچے زخمی

لاہور:(ملت آن لائن)بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور 2 بچے زخمی ہوئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے راول کوٹ اور نیزہ پیر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری شہید اور دو بچے زخمی ہوگئے جبکہ پاک فوج کی جانب سے بھارتی بلااشتعال فائرنگ کا مؤثرجواب دیا گیا۔
ایل او سی: بھارتی فوج کی جنازے پر فائرنگ، 2 شہری شہید
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے جوابی کارروائی میں شہری آبادی کو نشانہ بنانے والی بھارتی چیک پوسٹوں کونشانہ بنایا۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 15 جنوری کو بھی لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے تھے۔اس سے قبل 8 دسمبر کو بھارتی فورسز نے چڑی کوٹ سیکٹر پر ایک جنازے پر بلا اشتعال فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 2 شہری شہید اور ایک خاتون زخمی ہوگئی تھیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں ایک معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، لیکن اس کے باوجود بھی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔