قومی دفاع

بھارتی فورسز کی ایل او سی پر اشتعال انگیزی، پولیس اہلکار سمیت 2 افراد شہید،9زخمی

مظفر آباد(ملت + آئی این پی) بھارتی فورسز نے ایک بار پھر سیز فائر کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے ایل او سی فائرنگ کر کے پولیس اہلکار سمیت 2 افراد کو شہید جب کہ 9 کو زخمی کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فورسز نے لائن آف کنٹرول پر مظفر آباد کے کوٹلی نکیال سیکٹر میں گاؤں بائی دڑہ میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس کی زد میں آکر پولیس کانسٹیبل امتیاز اور برزگ شہری محمد سفیر شہید جب کہ 3 افراد زخمی ہو گئے زخمیوں کی شناخت سید محمد، ملک بشیر اور 4 سالہ بچہ مہروز شامل ہیں۔بھارتی فورسز کی جانب سے پونچھ، بٹل، مدارپور اور درہ شیرخان میں بھی بھاری ہتھیاروں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جس میں 6 افراد زخمی جب کہ 25 مکانات اور 3 گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی راولا کوٹ آزاد کشمیر میں بٹل سیکٹر پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے پانچ افرادزخمی ہوگئے تھے۔