راولپنڈی (ملت + آئی این پی) بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول چپراڑ‘ واکنگ باؤنڈری‘ پھکلیاں اور شکر گڑھ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ سے چار پاکستانی شہری شدید زخمی ہوگئے‘ پاکستان فورسز نے بھارتی بلا اشتعال فائرنگ کا بھرپور انداز میں جواب دیا‘ دشمن کی بندوقیں خاموش ہوگئیں‘ بھارت کی طرف سے نیلم ویلی میں پاکستانی چیک پوسٹ تباہ کرنے کا دعویٰ بے بنیاد قرار دے دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق اتوار کو بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول ورکنگ باؤنڈری پر بلااشتعال فائرنگ سے چار پاکستانی شہری شدید زخمی ہوگئے۔ بلا اشتعال فائرنگ ہرپار‘ چپراڑ‘ پھکلیاں اور شکر گڑھ سیکٹرز میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے جوانوں نے بھارتی پوسٹوں پر بھرپور انداز سے جواب دیا۔ بھارت کی طرف سے نیلم ویلی میں پاکستانی پوسٹ تباہ کرنے کا دعویٰ بے بنیاد ہے۔