اسلام آباد:(آئی این پی )سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاع کوبتایاگیاہے کہ افغانستان میں بھارت کے 3قونصلیٹ پاکستان مخالف سرگرمیوںمیں ملوث ہیں، بھارتی خفیہ ادارہ’’را‘‘پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف سرگرم ہے۔ اجلاس سینیٹر مشاہدحسین کی صدارت میں ہوا، دفاعی حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ افغانستان میں بھارت کے 3 قونصلیٹ جو مزار شریف، قندھاراور جلال آبادمیں ہیں، پاکستان مخالف سرگرمیوں کیلیے سرگرم اور متحرک ہیں، اجلاس کو بتایا گیا کہ بھارتی قونصلیٹ فاٹا، بلوچستان اورکراچی میں تخریبی سرگرمیوں کیلیے اپنے ایجنٹس کو سپورٹ فراہم کر رہے ہیں۔ بھارتی قونصل خانے ’’را‘‘ کے ایجنٹس کو اسلحہ، مالی معاونت اورتربیت کی فراہمی کا کام بھی کرتے ہیں، کمیٹی اراکین کو بتایا گیا کہ افغانستان کا خفیہ ادارہ’’این ڈی ایس‘‘ اور بھارتی خفیہ ادارہ ’’را‘‘ مشترکہ طورپرپاکستان کیخلاف مصروف عمل ہیں، اس کے علاوہ افغانستان کے خفیہ ادارے’’این ڈی ایس‘‘کے ہیڈکوارٹرز میں ’’را‘‘ کا خصوصی سیل بھی قائم کیا گیا ہے، ’’را‘‘ پاک چین اقتصادی راہداری کو سبوتاژکرنے کیلیے سرگرم ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ’’را‘‘ کے ایجنٹ کل بھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016 کو گرفتار کیا گیا اور وہ بھی اقتصادی راہداری منصوبے کیخلاف کام کرنے میں مصروف تھا، اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں پاکستان کو 13 ارب ڈالردیے گئے،یہ فنڈ 30 ستمبر2016 کو ختم ہو گا، پاکستان نے امریکاکوقبائلی علاقوںکی تعمیر نو کیلیے 8ارب ڈالر کے پیکیج کی تجویزدی، یہ تجویز ’’پاک امریکا اسٹرٹیجک‘‘ اجلاس میںپیش کی گئی تاہم ابھی امریکاکی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا، سینیٹر مشاہد حسین نے کہاکہ کمیٹی ہمیشہ عوام کی خواہشات اورحقوق کی ترجمانی کا فریضہ سرانجام دیتی رہے گی۔