اسلام آباد(آئی این پی) سیاسی و عسکری قیادت کے اجلاس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت اور افغانستان کی خفیہ ایجنسیاں مل کر پاکستان میں دہشت گردی کراتی ہیں ۔ پٹھان کوٹ حملے میں نا اہلی اور اندرونی ہاتھ سے توجہ ہٹانے کیلئے باچا خان یونیورسٹی کے طلبا کو خون میں نہلایا گیا ۔ بھارتی خفیہ ایجنسی را پاکستان کی ایک بڑی سیاسی جماعت میں سرایت کر چکی ہے ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت پنجاب میں بھی بھرپور آپریشن کی ضرورت ہے ۔ آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس کے دوران وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو اندرونی و بیرونی خطرات دہشتگردوں ان کے نیٹ ورکس اور رابطوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں انکشاف کیا گیا کہ اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ نریندر مودی کی حالیہ دوستی پالیسی دراصل “بغل میں چھری منہ میں رام رام ” ہے ۔ بھارت نے پٹھان کوٹ حملے میں اپنی نااہلی ، بزدلی اور اندرونی ہاتھ سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان میں دہشت گردی کرائی گئی اور باچا خان یونیورسٹی کے طلبا کو خون میں نہلایا گیا ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ،”را” پاکستان کی ایک بڑی سیاسی جماعت میں مکمل طور پر سرایت کر چکی ہے ۔ “را” نے مذہبی اور بلوچ قوم پرست شرپسندوں کے لیے خزانے کا منہ کھول دیا ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ “بھارتی خفیہ ایجنسی”را ” اور افغان ایجنسی این ڈی ایس مل کر پاکستان میں دہشت گردی کراتی ہیں ۔ اجلاس میں دونوں ایجنسیوں کی پاکستان مخالف کارروائیوں کےثبوت بھی دکھائے گئے ۔ جلاس میں نیشنل ایکشن پلان کی کمزوریوں پر بھی غور ہوا اور بتایا گیا کہ پنجاب میں بھی بھرپور آپریشن کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آئی ایس آئی کی کارکردگی کو سراہا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے قیام امن کیلئے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ملک بھر میں آپریشن جاری رکھنے پر زور دیا ۔