(اے پی پی):پاکستان کے سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا ہے انڈیا کشمیر میں نہتے لوگوں کا خون بہا رہا ہے اور اسے دہشت گردی کا رنگ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ انھوں نے کہا یہ ایک آزادی کی تحریک ہے جسے انڈیا دہشت گردی کی تحریک بنانے کی کوشش کر رہا ہے حالانکہ صاف دکھائی دے رہا ہے کہ یہ انڈیا کی طرف سے ریاستی دہشت گردی ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹر ویو دیتے ہوئے اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں حالیہ کشیدگی کے معاملے کو انڈیا سمیت ہر سطح پر اٹھایا جائے گا یقیناً اس معاملے کو ہر سطح پر اٹھایا جائے گا، انڈیا کے ساتھ دو طرفہ بنیاد پر ان سے بھی بات کریں گے۔ اعزاز چوہدری نے بتایا کہ انھوں نے پاکستان کی جانب سے احتجاج ریکارڈ کروانے کے لیے انڈین ہائی کمشنر کو طلب کیا ہے۔ انڈیا کی وزارت برائے امور خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کشمیر میں حالیہ کشیدگی پر پاکستان کی جانب سے دیے جانے والے بیانات پر رد عمل ظاہر کیا ہے۔ وکاس سوارپ نے کہا ہم نے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر پر پاکستان کے بیانات دیکھے ہیں جس سے پاکستان کا دہشت گردی کے ساتھ مسلسل تعلق ظاہر ہوتا ہے جسے وہ ریاستی پالیسی کے آلے کے طور پر استعمال کرتا ہے۔ انھوں نے مزید لکھا پاکستان کو مشورہ ہے کہ وہ پڑوسیوں کے داخلی معاملات میں مداخلت کرنے سے باز رہے۔ اعزاز چوہدری نے پاکستان اور انڈیا کے تعلقات کے حوالے سے کہا دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات بہت ضروری ہیں اس کے لیے پرانے تنازعات کو حل کرنا ضروری ہے،پاکستان کو توقع ہے کہ انڈیا سنجیدگی کا مظاہرہ کرے گا اور ہمارے ساتھ بامعنی مذاکرات شروع کرے تاکہ کشمیر سمیت دیگر معاملات کو حل کیا جا سکے- انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں نوجوان علیحدگی پسند کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد جمعے کی شام سے شروع ہونے والی احتجاجی لہر کے دوران مرنے والوں کی تعداد 30 ہوگئی ہے۔