اسلام آباد:(اے پی پی)ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت جب بھی چاہے پاکستان مذاکرات کے لئے تیار ہے۔ اسلام آباد میں صحافیوں کو ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، افغانستان میں امن کے حوالے سے 4 فریقی امن عمل جاری ہے اور سب افغانستان میں استحکام چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی دعوت پر افغان چیف ایگزیکٹو نے 2 اور 3 مئی کو پاکستان کا دورہ کرنا تھا جو اب ملتوی کر دیا گیا ہے۔ نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستان کو بھارت کی جانب سے سب میرین میزائل تجربے سے پیشگی آگاہ نہ کرنے پر تشویش ہے جب کہ او آئی سی سربراہ اجلاس کشمیر سے متعلق انتہائی اہم تھا، تمام ممالک نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں پر تشویش کا اظہار کیا۔ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایجنٹ کل بھوش یادیو سے تفتیش کا عمل جاری ہے، کلبھوشن سے تفتیش کے بعد مزید گرفتاریاں بھی کی گئیں۔