کوئٹہ:(ملت+اے پی پی) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے بھارت کو سی پیک میں شامل ہونے کی پیش کش کی ہے۔ ایف سی ہیڈ کوارٹرز بلوچستان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان سے دشمنی چھوڑ کر ایران اور افغانستان کے ساتھ سی پیک کا حصہ بن جائے اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے ثمرات سے مستفید ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور خود ساختہ جلا وطنی اختیار کئے ہوئے اب لوگ عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے کیونکہ اب بلوچستان کے عوام با شعور ہو چکے ہیں اور گمراہ کن نعروں سے متاثر نہیں ہوں گے۔ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض کا کہنا تھا کہ بلوچستان گزشتہ ایک دہائی سے دہشت گردی کا شکار ہے اور شدت پسندوں نے عوام پر اپنے نظریات تھوپ رکھے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی کے جوانوں نے بہت بہادری سے دہشت گردوں اور غیر ملکی فنڈنگ کے بل بوتے پر لڑنے والوں کا مقابلہ کیا اور صوبے میں قانون کی بالا دستی کے لئے 700 ایف سی جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ دشمن بلوچستان کو ترقی کرتا اور خوشحال نہیں دیکھ سکتے۔