نیویارک( اے پی پی ) جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو اقوام متحدہ سے دہشت گرد قرار دلوانے کے لیے بھارت کی تمام کوششوں کی ناکامی کے بعد اب بھارت نے نت نئے طریقے سے سفارتی ذرائع استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اقوام متحدہ کے ایک سفارتی ذرائع نے ” دنیا نیوز” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بھارت نے جب بھی اقوام متحدہ میں اس مقصد کے لیے قرار داد پیش کی تو ہر بار چین نے اس کو ویٹو کر دیا ۔ بھارت اب بھانپ چکا ہے کہ چین کی موجودگی میں جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار نہیں دلوایا جا سکتا ۔ اقوام متحدہ میں بے درپے ناکامیوں کے بعد بھارتی ہائی کمان نے فیصلہ کیا ہے کہ اب بھارت اپنی ایک نئی حکمت عملی کے تحت سفارتی ذرائع استعمال کر کے دنیا کو یہ باور کرانے کی کوشش کریگا کہ جیش محمد ایک دہشت گرد تنظیم ہے اور اسکے سربراہ مسعود اظہر ، اسامہ بن لادن کی طرح خطرناک انسان ہیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل مندوب نے چینی سفارتکاروں کے ساتھ اس اہم مسلے پر کئی بار بات چیت کی اور چینی سفارتکاروں کو ہمنوا بنانے کی کوششیں کیں لیکن بھارت اس مقصد کے لیے کامیاب نہ ہو سکا۔ بھارت کی یہ کوشش ہے کہ تمام تکنیکی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے سفارتی دباو میں اضافہ کیا جائے ۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ اس مقصد کے لیے بھارت کے وزیر خارجہ وی کے سنگھ امریکہ کا دورہ کریں اور امریکی حکام کو درخواست کریں کہ وہ مسعود اظہر کو دہشت گرد قرار دلوانے کے لیے بھارت کی مدد کریں