برلن(مانیٹرنگ ڈیسک)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہاہے کہ دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی کوششوں نے ملکی صورتحال تبدیل کر دی ہے ،بھارت کشمیر کے معاملے پر دنیا میں غلط فہمیاں پھیلا رہاہے ،وہ نہیں چاہتا کہ کشمیر جیسے تاریخی مسائل حل ہوں ۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جرمنی میں آرمڈ فورسز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘سمیت دیگر دشمن ایجنسیاں خون بہانے کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں ۔انہوں نے کہا بھارت کشمیر کے معاملے پر دنیا میں غلط فہمیاں پیدا کر رہاہے ،وہ نہیں چاہتاکہ کشمیر جیسے تاریخی مسائل حل ہوں ۔
ان کا کہناتھا کہ دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی کوششوں نے ملکی صورتحال تبدیل کر دی ہے،قوم کی غیر متزلزل حمایت سے دہشتگردوں کو شکست دی ،دہشتگردی کیخلاف ہماری کوششوں کو ابھی بھی خطرات لاحق ہیں ،یہ خطرات ہمسایہ ممالک کے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن تک ختم نہیں ہوں گے ،ہمسایہ ممالک کے مخلص تعاون کے بغیر دہشتگردی کا خاتمہ ممکن نہیں ۔
آرمی چیف کا کہناتھا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز انتہائی بہادری کے ساتھ دہشتگردی کیخلاف لڑ رہی ہیں ،قوم دہشتگردی کے نظریات کو مسترد کر دچکی ہے ،پاکستان دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ملک ہے ،دہشتگردوں کی تمام کمین گاہیں اور پناہ گاہیں ختم کر دی گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے ہمدرد اورسہولت کاروں کے خلاف کارروائی کررہے ہیں۔
ان کا کہناتھا کہ خطے میں استحکام اور خوشحالی افغانستان کے استحکام سے مشروط ہے ،باہمی تعاون اور کوششوں سے افغانستان میں امن و استحکام ہوسکتاہے ۔اس موقع پر آرمی چیف نے کانفرنس میں شریک ممالک کی افواج کو دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی اور مستقل تعاون کی یقین دہانی کروائی ۔