اسلام آباد :(اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید عباسی نے کہا ہے کہ امریکہ کا بھارت کو جوہری اسلحہ کی دوڑ میں شامل کرنا درست نہیں، خطہ میں پاور کو بیلنس رکھنے کے لئے جس طرح پہلے تھا اسی طرح بھارت کو رہنا چاہیے تھا، پانامہ پیپرز پر کام کرنے والی خصوصی پارلیمانی کمیٹی جلد مسئلہ کے حل تک پہنچ جائے گی۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ کا بھارت کو جوہری اسلحہ کی دوڑ میں شامل کرنا درست نہیں اس سے خطہ میں طاقت کا توازن ان بیلنس ہو جائے گا، بہتر ہے کہ بھارت کو اس مقام پر رکھا جائے جہاں وہ پہلے تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ایک طرف پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھتا ہے جبکہ دوسری طرف بھارت کو بھی ہر مسئلہ پر خوش کیا ہوا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پانامہ پیپرز پر کام کرنے والی خصوصی پارلیمانی کمیٹی جلد مسئلہ کے حل تک پہنچ جائے گی کیونکہ پارلیمان کی سیاسی جماعتوں نے ان کو اس حوالے سے تمام اختیارات دئیے ہوئے ہیں۔