واشنگٹن (آئی این پی )امریکا نے ایک بار پھر بھارت کی نیوکلئیر سپلائرز گروپ میں شمولیت کی حمایت کر دی۔ ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ اس سے خطے میں اسلحہ کی دوڑ کا تعلق نہیں، پاکستان یہ بات سمجھتا ہے، گروپ میں پاکستان کی شمولیت سے متعلق اتفاق رائے دیکھ کر غور کریں گے،پاکستان دہشت گردوں اور خاص طور پر طالبان رہنماؤں کا تعاقب جاری رکھے۔امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ گزشتہ سال دورہ بھارت کے دوران صدر اوباما نے امریکی موقف کا اعادہ کیا تھا۔ بھارت میزائل ٹیکنالوجی کے حوالے سے تمام عالمی قوانین کی شرائط پر کاربند ہے، جس کی وجہ سے وہ گروپ میں شمولیت کے لیے تیار ہے، تاہم گروپ میں تمام فیصلے اتفاق رائے سے ہوتے ہیں۔ افغانستان میں ملا فضل اللہ کی تلاش کے لیے امریکی کوششوں سے متعلق سوال پر تر جمان نے کہا کہ امریکا افغان عوام اور حکومت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان پر زور دیتے ہیں کہ وہ دہشت گردوں اور خاص طور پر طالبان رہنماؤں کا تعاقب جاری رکھے۔