راولپنڈی (ملت + آئی این پی) کورکمانڈر کانفرنس نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کو علاقائی استحکام کیلئے سنگین خطرہ قرار دیدیا اور ملک بھر میں جاری انسداد دہشتگردی اور انٹیلی جنس آپریشنز کی پیش رفت پر اطمینان کااظہار کیا ہیجبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت کی کہ یہ تمام آپریشنز تمام مطلوبہ مقاصد کے حصول تک جاری رہنے چاہئیں۔بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹر میں 199ویں کورکمانڈر کانفرنس منعقد ہوئی جس میں سیکورٹی کی صورتحال اور درپیش چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکاء نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں کو علاقائی استحکام کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا۔کانفرنس میں افغانستان میں حالیہ دہشتگرد حملوں کی مذمت کرتے ہوئے افغان حکومت ،عوام اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ دہشتگردی کو شکست دینے میں اظہار یکجہتی کیا گیا۔کانفرنس کے شرکاء نے ملک بھر میں جاری انسداد دہشتگردی اور انٹیلی جنس آپریشنز کی پیش رفت پر اطمینان کااظہار کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہدایت کی کہ یہ تمام آپریشنز تمام مطلوبہ مقاصد کے حصول تک جاری رہنے چاہئیں۔