راولپنڈی(ملت آن لائن)آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے حمایت جاری رکھیں گے اور بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑجواب دیا جائے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کے مظفرآباد سیکٹرکا دورہ کیا۔ دورے کے دوران فوجی جوانوں نے بھارتی جارحیت پر آرمی چیف کو اپنے خیالات سے آگاہ کیا، آرمی چیف نے پاک فوج کی بروقت کارروائی اور ہمت کی داد دی اورافسران کے مورال اور مشن کی تکمیل کے لیے فوج کےعزم کوسراہا، آرمی چیف نے اگلے مورچوں پر تعینات افسران اورجوانوں سے ملاقات بھی کی۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج وطن کودرپیش دفاع اورسلامتی کے چیلنجز سے آگاہ ہے، پاک فوج ہرمحاذ پرہرخطرے کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، بھارتی جارحیت کے خلاف کشمیریوں کی جرات کو سلام پیش کرتے ہیں، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے حمایت جاری رکھیں گے جب کہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑجواب دیا جائے گا۔