اسلام آباد: (آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مشرف دور میں 12 ہزار ارب کے قرضوں میں اضافہ ہوا۔ سی پیک منصوبے میں حکومتی قرضے صرف 11 ارب ڈالر ہیں۔ قرضے لینا نہیں چاہتے تو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ بند کر دیں۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ سی پیک منصوبے سے ملک میں 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی۔ ان 46 ارب ڈالر میں سے 36 ارب ڈالرز نجی شعبے کے ذریعے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا فنڈ 3 سال میں 40 ارب سے 117 ارب تک لے گئے ہیں۔ اسحاق ڈار نے اس موقع پر جمشید دستی کو اپنی گھڑی پیش کرتے ہوئے کہا کہ رکن اسمبلی کہتے ہیں کہ میں نے 50 لاکھ کی گھڑی پہن رکھی ہے۔ یہ گھڑی کسی کو دے دیں اور 50 ہزار روپے کسی کو عطیہ کر دیں۔