کراچی (ملت آن لائن + آئی این پی) چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی کے لیے کلیدی اہمیت کی حامل ہے اور ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ وہ یہاں یونس آباد میں بحریہ ماڈل اسکول کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ وزیر خوراک اور پارلیمانی امورجناب نثار کھوڑو بھی اس موقع پر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا کہ یہ امر باعث فخر ہے کہ پاک بحریہ مادر وطن کی بحری حدود کے تحفظ کے مقدس فرض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی نمایاں کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیوی ایجوکیشنل ٹرسٹ کے قیام کا مقصد تعلیم کے شعبے سے دلچسپی رکھنے والے افراد کے ساتھ مل کر کم ترقی یافتہ علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے۔یہ امر انتہائی قابل مسرت ہے کہ پاکستان نیوی ایجوکیشنل ٹرسٹ اپنے قیام سے ہی اپنے مقاصد کے حصول کے لئے عمدگی سے اپنا کردار ادا کر رہا ہے ۔ مہان خصوصی نے مزید کہا کہ یونس آباد میں معیاری تعلیمی اداروں کی عدم دستیابی کے باعث والدین کے لیے اپنے بچوں کو تعلیم مہیا کرنا مشکل تھا۔ معیاری تعلیمی سہولتوں کے فقدان کے باعث پاک بحریہ نے اس علاقے میں درسگاہ کے قیام کا فیصلہ کیا اور مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ حکومت سندھ نے بھی اس منصوبے کی تکمیل کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی ہے جس کے لیے میں وزیر اعلی اور وزیر تعلیم کا نہایت ممنون ہوں۔ قبل ازیں کمانڈر کراچی رئیر ایڈمرل فرخ احمد نے حاضرین کو نو تعمیر شدہ بحریہ ماڈل اسکول میں فراہم کی جانے والی جدید تدریسی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اسکول کے پہلے تعلیمی سیشن کا آغاز آئندہ ہفتے ہوگا جس میں ابتدائی جماعتوں سے لے کر میٹرک تقریبا 800طلباء تعلیم حاصل کریں گے اور اس سال کے وسط تک یہ تعداد 1500تک پہنچ جائے گی۔ اسکو ل کے درجے کو رفتہ رفتہ بڑھا کر انٹر میڈیٹ کالج کی سطح تک لے جایا جائے گا جس سے 7500سے زائد طلباء ، بالخصوص یونس آباد، کاکا پیر اور اطراف میں قائم دیہی علاقوں کے طلبا و طالبات فیضیاب ہوں گے۔ اسکو ل کی عمارت کے تعمیری کام کا آغاز گذشتہ سال کیا گیا جس کے لیے 2.3ایکڑ خطہ اراضی پاک بحریہ کی جانب سے مختص کیا گیا۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں چار تدریسی بلاک تعمیر کیے گئے ہیں جن میں طلبا و طالبات کے لیے علیحدہ ونگز،پری پرائمری اور پرائمری بلاک شامل ہیں۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی اور دیگر معززین نے نئی تعمیر شدہ اسکول کی عمارت کا معائنہ کیا اور چیف آف نیول اسٹاف نے پاکستان نیوی ایجوکیشنل ٹرسٹ کی ویب سائٹ کا افتتاح بھی کیا۔