تونسہ (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک کے مختلف حصوں میں آپریشن ردالفساد جاری ، سیکورٹی فورسز نے تربت میں دہشتگردی کی بڑی کارروائی ناکام بنا دی ۔ جنوبی وزیرستان اور اپر دیرمیں کارروائیوں کے دوران اسلحہ ، گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد کر لیا ، تونسہ میں سیکورٹی فورسز پر سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کی گئی ۔ فورسز کی جوابی کارروائی میں تین مبینہ دہشتگرد مارے گئے ۔ ملک بھر میں آپریشن رد الفساد کامیابی کے ساتھ جاری ہے ۔ تربت میں دہشتگردی کی کوشش ناکام بنانے کے بعد بڑی تعداد میں اسلحہ ، گولہ بارود اور مواصلاتی آلات برآمد کر لئے گئے ۔ حافظ آباد کے مختلف علاقوں سے 16 افغان باشندوں سمیت 57 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی کی جانب سے کارروائی مند سے 8 کلومیٹر دور گوبرڈ کے علاقے میں کی گئی ۔ اسلحہ تربت میں دہشتگردی کی بڑی کارروائی کے لیے چھپایا گیا تھا ۔ جنوبی وزیرستان اور اپر دیر میں آپریشن کے دوران بارودی سرنگیں ، ہینڈ گرینیڈ ، موبائل فون اور بھارتی ساختہ پلاسٹک ڈرمز اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ۔ تونسہ میں سیکورٹی فورسز پر سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی ۔ فورسز کی جوابی کارروائی میں تین مبینہ دہشتگرد مارے گئے ، ادھر حافظ آباد کے علاقے پار مسو ، بوندی اور لکھن میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ کارروائی کر کے 57 افراد کو حراست میں لے لیا ۔ آپریشن کے دوران 16 افغان باشندوں کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔ سرچ آپریشن میں بڑی تعداد میں اسلحہ اور بارود بھی برآمد ہوا ، اسلحہ میں جی تھری ، ایس ایم جی ، بندوق ، پسٹل اور بڑی تعداد میں گولیاں شامل ہیں ۔