کراچی:(ملت+اے پی پی) ائیرچیف مارشل سہیل امان کا کہنا ہے کہ ملک کے دفاع کےحوالے سے مسلح افواج کا کردار نہایت اہم ہے جب کہ دشمنوں کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہیں۔ کراچی میں پاک بحریہ کی 106 ویں اور15 ویں شارٹ سروس کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے ائیرچیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ کیڈٹس شاندارروایات برقراررکھنے کیلیے کوشاں رہیں اورملکی سرحدوں کی جان سے بڑھ کرحفاظت کریں، پاک بحریہ ملک کی دفاع کیلئے کوشاں ہے، ملک کے دفاع کیلیے مسلح افواج کا کردارانتہائی اہم ہے، پاکستان کواندرونی اوربیرونی محاذوں پربڑے چیلنجزکا سامنا ہے لیکن ہم کسی بھی مہم جوئی کا جواب اچھی طرح دینا جانتے ہیں اوردہشتگردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔ ایئرچیف مارشل سہیل امان کا کہنا ہے کہ اقتصادی راہداری کیلیے گوادرپورٹ بہت اہمیت رکھتا ہے، سی پیک کے تناظر میں ساحلی پٹی کی سکیورٹی مزید اہم ہوگئی ہے، ہمسایہ ملکوں سے پرامن تعلقات کے خواہاں ہیں جب کہ دشمنوں کو شکست دینے کے لئے پرعزم ہیں، پاکستان اپنی تاریخ کے نازک دورسے گزررہا ہے، روایتی خطرات غیر متوازن انداز میں بڑھتے جارہے ہیں جب کہ ہمیں ایک ایسے دشمن کا سامنا ہے جس کی کوئی واضح شکل موجود نہیں۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 70 افسران نے کمیشن حاصل کیا اورایئرچیف نے پاک بحریہ میں کمیشن حاصل کرنے والوں کو مبارک باد دی، پاس آؤٹ ہونے والوں میں 2 خواتین کیڈٹس سمیت یمن کا ایک کیڈٹ بھی شامل ہے۔