قومی دفاع

جان کیری کے بیانات سے پاکستان کوکوئی فرق نہیں پڑتا، سرتاج

اسلام آباد:(آئی این پی) مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ امریکا کی مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کی مذمت نہ کرنے پرمایوسی ہوئی، یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان عالمی تنہائی کا شکار ہے، جان کیری کے بیانات سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ سرتاج عزیز نے کہا پاکستان قطعی طور سے عالمی تنہائی کا شکار نہیں، سرتاج عزیز کے مطابق جان کیری کا بھارت اور پاکستان میں مختلف بیانات ہوتے ہیں تاہم جان کیری کے بیانات سے پاکستان کو کوئی فرق نہیں پڑتا، جان کیری کا بیان بھارت میں کچھ اورپاکستان میں کچھ اور ہوگا۔ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس بات پر مایوسی ضرور ہوئی ہے کہ امریکا سمیت دنیا نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرنے کی بجائے اس پر صرف تشویش کا اظہار کیا۔ انکا کہنا تھا کہ داعش پاکستان میں اب تک داخل نہیں ہوئی اوراس بارے میں تاثر و افواہیں درست نہیں۔ مشیرخارجہ نے کہا کہ امریکا سمیت پوری دنیا جانتی ہے پاکستان نے پچھلے تین برسوں میں دہشت گردی کے خلاف جو کامیابیاں حاصل کیں وہ کوئی نہیں حاصل کر سکا، بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان کو اس کا کریڈٹ نہ ملے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی پالیسی چین کے بڑھتے ہوئے اثر کو روکنا چاہتی ہے، دنیا میں دہشتگردی بڑھ رہی ہے جبکہ پاکستان میں دہشتگردی کم ہوئی ہے، پاکستان نے قبائلی علاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کرکے حکومتی عملداری قائم کی۔