کابل:(آئی این پی) افغانستان کی حکومت اور گلبدین حکمت یار کی تنظیم حزبِ اسلامی امن معاہدے کے قریب پہنچ گئے اور دونوں کےدرمیان امن معاہدہ طے پائے جانے کا قوی امکان ہے۔ گلبدین حکمت یار کی تنظیم اسلامی اور حکومت کے درمیان ابتدائی امن معاہدے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جب کہ مستقبل میں ممکنہ طور پر طے پائے جانے والے معاہدے کے تحت حزب اسلامی حکومت سے تعاون کرے گی جب کہ اس کے بدلے افغان حکومت کی جانب سے حزب اسلامی کے قیدیوں کی رہائی، کارکنان کو عام معافی اور تنظیم کا نام امریکا اور یورپی ممالک کی بلیک لسٹ سے نکالنے کی پیش کش کی گئی ہے۔ ممکنہ معاہدے کے مجوزہ مسودے میں 3 حصے اور 26 آرٹیکل شامل ہیں جس میں غیرملکی افواج کے فوری انخلا کو فی الحال ملتوی کردیا گیا ہے تاہم حزبِ اسلامی قومی اتحادی حکومت کا حصہ نہیں بن سکے گی اور نہ ہی اسے سیاسی جماعت کا درجہ دیا جائے گا لیکن تنظیم کا نام اقوامِ متحدہ کی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست سے نکالنے میں مدد دی جائے گی جب کہ معاہدے کے تحت حزب اسلامی اور اس کے سربراہ گلبدین حکمت یار اپنی کارروائیاں فوری طور پر روک دیں گے۔ افغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے سینئر معاون کا کہنا ہےکہ ہم معاہدے کے متعلق پر امید ہیں لیکن اس سے مراد ہر گز کسی بھی قسم کا حتمی معاہدہ طے پانا نہیں ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق افغان حکومت کا خیال ہے کہ حزب اسلامی کے بعد طالبان پر بھی یہ دباؤ بڑھ سکتا ہے کہ وہ اپنی سرگرمیاں ترک کرکے افغان حکومت سے تعاون پر آمادہ ہوسکے۔ اپریل میں گلبدین حکمت یار کے نائب امین کریم نے کہا تھا کہ معاہدے میں ہمارا اہم ترین مطالبہ تھا کہ افغان سرزمین پر موجود تمام غیر ملکی افواج کو فوری طور پر نکالا جائے اور یہی نکتہ امن معاہدے میں سب سے بڑی رکاوٹ بنا ہوا ہے۔