راولپنڈی (آئی این پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے بلوچستان میں امریکی ڈرون حملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کے خلاف ہیں‘ یہ حملے امریکہ پاکستان کے تعلقات کے لئے نقصان دہ ہیں‘ ڈرون حملے علاقائی امن و استحکام کے لئے جاری امن عمل کو بھی متاثر کرسکتے ہیں۔ بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے جی ایچ کیو کا دورہ کرکے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں 22مئی کو بلوچستان میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے کے بعد پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ڈرون حملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور امریکی سفیر کو اس معاملے پر تحفظات سے آگاہ کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، اس جنگ میں پاکستان کو اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔ یہ حملے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کے لئے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ ایسی کارروائیوں سے علاقائی امن و استحکام کے لئے جاری امن عمل بھی متاثر ہوسکتا ہے۔ (ن غ)