دوشنبے(اے پی پی)آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات میں خطے کی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تاجک صدر امام علی رحمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب پوری دنیا کےلیے رول ماڈل ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف منگل کو ایک روزہ دورے پر تاجکستان پہنچے، تاجک صدر امام علی رحمان سے ون آن ون ملاقات میں خطے کی سلامتی کی صورت حال اور دونوں ملکوں میں جاری دہشت گردی کے مسئلے پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔تاجک صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضربِ عضب پوری دنیا کےلیے ایک مثال ہے۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ تاجکستان میں جاری دہشت گردی سے نمٹنے کےلیے تاجک فورسز کی مکمل مدد کریں گے، ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔