بیجنگ(آئی این پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے منگل کو چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ سے بیجنگ میں ملاقات کی ہے اس دوران دونوں رہنماؤں نے عسکری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ۔ چینی وزیر اعظم کی جانب سے اقتصادی راہداری کیلئے پاکستان کی کوششوں کی ستائش کی گئی جبکہ آرمی چیف نے پاک فوج کی جانب سے سی پیک منصوبے کیلئے محفوظ ماحول کے قیام کیلئے عزم کا اظہار کیا ۔ تفصیلات کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاک فوج سی پیک منصوبے کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے پرتیارہے۔چینی وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقات میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کی افواج میں تعاون سے پا ک چین دوستی مزید گہری ہورہی ہے۔آرمی چیف نے توقع ظاہرکی کہ پاک چین تعاون کومزید فروغ ملے گا اورراہداری منصوبہ جلد مکمل ہوگا۔چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے کہا کہ پاکستان اورچین کے سیاسی،عسکری اورمعاشی تعلقات طویل مدتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ملکوں کے عملی تعاون کا مظہر ہے،علاقائی امن اورباہمی خوشحالی کے لئے پاکستان سے تعاون کررہے ہیں۔سی پیک منصوبہ خطے کی ترقی اوراستحکام کا باعث بننے گا۔ اس موقع پر لی کی چیانگ نے اقتصادی راہداری کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔