قومی دفاع

جنرل راحیل نے آئندہ سربراہان کیلئے مثال قائم کی: طلحہ

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ ڈویژن کے چیئرمین سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کی کامیابی ہو یاسرحدوں کی حفاظت یاامن و امان کی صورتحال میں بہتری، جنرل راحیل شریف کا کردار قابل ستائش رہا۔ پاکستان کی معیشت آج مستحکم ہو رہی ہے ۔ ہمارا مستقبل روشن ہے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جنرل راحیل شریف تاریخ رقم کرکے جارہے ہیں جس سے ماضی میں وطن عزیز کے لئے ان کے خاندان کے کردار کے وقار میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ سینیٹرطلحہ محمود نے کہاکہ ریٹائرمنٹ ایک عمل ہے لوگ آتے ہیں اور چلے جاتے ہیں لیکن یہ عمل رکتا نہیں بلکہ چلتا جاتاہے اور اسی کا نام نظام ہے۔ میرے خیال میں جنرل راحیل شریف نے آئندہ آنے والے فوجی سربراہان کے لئے ایک مثال قائم کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کی جو معاشی صورتحال اس وقت ہے اور جو بہتری کی پالیسی چل رہی ہے یہ جاری رہی تو پاکستان کی معیشت مستحکم ہو جائے گی۔ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے قرضوں کا جوغیر ضروری بوجھ بڑھا ہے اگر معیشت اسی طرح پروان چڑھتی گئی تو ان قرضوں سے بھی چھٹکارا پاسکیں گے، تاہم ہمیں پائیداری کی طرف بڑھتے رہنے کی ضرورت ہے ۔ سینٹر طلحہ محمود نے کہاکہ پاکستان نہ صرف خطہ میں بلکہ پوری دنیا میں اپنے معتبر کردار کے ذریعے ایک ذمہ دار ملک کا کردار ادا کررہاہے۔ خطہ میں جو کشیدگی ہے اس کا ذمہ دار بھارت ہے ۔ پاکستان نے تو ہمیشہ کشیدگی کو ختم کرنے میں کردار ادا کیا ہے جسے بھارت شاید کمزوری سممجھ بیٹھا ہے لیکن پاکستان دفاعی اعتبارسے مضبوط ہے اور کسی بھی جارحیت کامقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اس کے باوجود پاکستان کی امن کوششیں پوری دنیا کے سامنے ہیں۔ بھارت کبھی پانی بند کرتا ہے ، کبھی سرحدوں کی خلاف ورزی کرتاہے اور بلااشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں بے گناہ لوگو ں کو خون بہایا جارہا ہے۔ اقوام عالم کو یہ بھی دیکھنے کی ضرورت ہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کو ن کر رہا ہے اور یہ تمام بھارتی جارحیت کشمیر میں اپنی جارحیت کودنیا سے چھپانے کے لئے ہے۔