جنرل قمر جاوید باجوہ چیف آف ڈیفنس کانفرنس میں شرکت کیلئے کابل پہنچ گئے
لاہور:(ملت آن لائن)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ چیف آف ڈیفنس کانفرنس میں شرکت کے لیے کابل پہنچ گئے۔ پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں کمانڈر سینٹ کام، کمانڈر ریزولوٹ سپورٹ مشن اور افغان آرمی چیف بھی شریک ہوں گے۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب رواں ماہ 3 فروری کو سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کی قیادت میں پاکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد نے کابل کا دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر پاک-افغان مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاس کے دوران تہمینہ جنجوعہ نے حال ہی میں کابل میں ہونے والے بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے افغانستان کو بم دھماکوں کی مشترکہ تحقیقات کی پیش کش کی تھی۔
افغانستان کے الزامات بیرونی عناصر کی پیدا کردہ غلط فہمیوں کا نتیجہ ہیں، پاکستان
تہمینہ جنجوعہ کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان، پاکستان پر الزام تراشی سے اجتناب کرے اور دونوں ممالک تعاون کو مزید بہتر بنائیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ ماہ کابل میں 3 بڑے دہشت گرد حملے ہوئے، جس کے دوران 100 سے زائد افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے، جس کا الزام افغانستان کی جانب سے پاکستان پر عائد کیا گیا تھا۔ تاہم پاکستان نے افغانستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر افغان حکومت کے ردعمل کو بیرونی عناصر کی پیدا کردہ غلط فہمیوں کا نتیجہ قرار دیا تھا۔