اسلام آباد/عمان (ملت + آئی این پی) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے اردن کی مسلح افواج کے چیئر مین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمود فراحت اور اُردن کی فضائیہ کے کمانڈر میجر جنرل یوسف الحنیتی سے ملاقات کی جس دوران دو طرفہ دفاعی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی ،اردنی فضائیہ کے کمانڈر میجر جنرل یوسف الحنیتی نے بحری حدود میں امن و سلامتی کے قیام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ منگل کو چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے اپنی مصروفیات کے دوران اردن کی مسلح افواج کے چیئر مین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمود فراحت اور اُردن کی فضائیہ کے کمانڈر میجر جنرل یوسف الحنیتی سے ملاقات کی۔امیرالبحر کی اُرد ن کی مسلح افواج کے چیئر مین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمود فراحت سے ملاقات کے دوران دو طرفہ دفاعی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی ۔ ایڈمرل ذکاء اللہ نے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے بھرپور کردار اور عزم بشمول کولیشن میری ٹائم کیمپین پلان (سی ایم سی پی) اور بحری قذاقی کی بیخ کنی کے آپریشنز میں شرکت کا خصوصی طور پر ذکر کیا اورپاک بحریہ کی کثیرالقومی ٹاسک فورسز 150اور 151کی کمانڈ پر روشنی ڈالی۔ لیفٹیننٹ جنرل محمود فراحت نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین مختلف دفاعی شعبوں میں قریبی اور مستحکم تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عزم و حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور اُردن کی دفاعی افواج کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون مزید فروغ پائے گا۔ اُرد ن کی فضائیہ کے کمانڈر میجر جنرل یوسف الحنیتی سے ملاقات کے دوران سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ دفاعی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر روشنی ڈالی ۔ میجر جنرل یوسف نے پاکستان اور اردن کے درمیان قائم مستحکم برادرانہ روابط کا ذکر کیا جو مضبوط دفاعی اور تاریخی تعلقات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے بحری حدود میں امن و سلامتی کے قیام کے حوالے سے پاکستان نیوی کی کاوشوں کو سراہا۔ امید ہے کہ نیول چیف کے حالیہ دورے سے دونوں ممالک بالخصوص دونوں مسلح افواج کے درمیان دفاعی تعاون مزید فروغ پائے گا۔