قومی دفاع

جنوبی ایشیا میں ہتھیاروں کی دوڑ میں کمی کا دارومدار کشمیر کے مسئلے کے حل اور بھارت کے جنگجوانہ رویے میں تبدیلی پر منحصر ہے، جنرل (ر) عبد القیوم

اسلام آباد (اے پی پی) ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں ہتھیاروں کی دوڑ میں کمی کا دارومدار کشمیر کے مسئلے کے حل اور بھارت کے جنگجوانہ رویے میں تبدیلی پر منحصر ہے۔پاکستان کی عسکری قوت صرف اور صرف ملکی سلامتی کے دفاع کیلئے ہیں۔ہمیں اپنی دفاعی صلاحیتوں پر فخر ہے ۔ڈیپونے پچھلے سولہ سالوں میں بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کے اجلاس کی ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن( ڈیپو) کے ہیڈ آفس میں صدارت کرتے ہوئے کیا۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ڈیپو کی بین ا لا قوامی نمائش اور سیمینار (IDEAS 2016)کے حوالے سے کی گئی تیاریوں کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کو آرڈینیشن وحید نے قائمہ کمیٹی کو بین ا لا قوامی نمائش اور سیمینار کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ ڈیپو2000میں راولپنڈی میں قائم ہو ا۔ 2009میں اسلام آباد میں منتقل ہوا۔انہوں نے ڈیپو کے مقاصد بارے قائمہ کمیٹی کو تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ (IDEAS 2016) اس سال نومبر22-25تک کراچی ایکسپو سنٹر میں منعقد ہو گا۔جس میں دنیا بھر سے ڈیفنس کے وفوداور شرکاء کو پاکستان لانے سے ملک کا مثبت امیج جاگر ہو گا۔سیمینار میں کئی ممالک سے ملٹری وفود ،بیورو کریٹس،ڈیفنس اسٹریٹجٹس شرکت کرینگے۔وزیر اعظم پاکستان نمائش کے مہمان خصوصی ہو ں گے چاروں وزراء اعلی و گورنرز بشمول گلگت بلتستان،وزارت خزانہ،وزارت دفاع،دفاعی پیداوار،وزارت تجارت،این ڈی ایم اے،اے این ایف،19چیمبرز،پلاننگ کمیشن، اور دفاعی پیداوار سے متعلق کمپنیوں کے حکام کو مدعو کیا گیا ہے اور دنیا کے سو ممالک میں 324دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔تاکہ دفاعی پیداوار کے خرید و فروخت کرنے والوں کے مابین روابط فروغ پا سکیں۔ اب تک آٹھ سیمینار کا انعقاد کرایا جا چکا ہے اوراس سال سیمینار میں 5000کے قریب لوگ شرکت کرینگے۔