اسلام آباد:(اے پی پی) جنوبی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کے واپسی کے تیسرے مرحلہ کے آغاز کے بعد سے لیکر اب تک ایک ہزار 6 سو 41 خاندان واپس اپنے علاقوں میں پہنچ گئے‘ واپس جانے والوں کو پاک فوج کی جانب سے مفت ٹرانسپورٹ 6 ماہ کے لئے مفت راشن جبکہ عارضی رہائش کے لئے خیمے دیئے جارہے ہیں ۔ فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حکام کے مطابق آپریشن ضرب عضب میں متاثر ہونے والے جنوبی وزیر ستان کے بے گھر افراد کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ بے گھر افراد کی واپسی کے تیسرے مرحلہ کے آغاز کے بعد سے لیکر اب تک ایک ہزار 6 سو 41 خاندان واپس اپنے علاقوں میں پہنچ گئے ہیں واپسی کے موقع پر بے گھر افراد کو اپنے علاقوں میں جانے کیلئے مفت ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جبکہ اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت واپس جانے والے خاندانوں میں 6ماہ کے لئے خشک راشن بھی دیا جارہا ہے ۔ حکام کے مطابق واپس جانیوالے افراد کو اپنے آبائی علاقوں میں عارضی رہائش کے لئے خیمے بھی دیئے جارہے ہیں جبکہ ان خاندانوں کے بچوں کو مختلف چیک پوسٹ پر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جارہے ہیں اب تک واپس جانے والے 900 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ہیں۔