قومی دفاع

جنگی جنون: بھارت کی پاکستانی سرحد کے قریب تھر میں فوجی مشقیں

نئی دہلی:(آئی این پی) بھارت کا جنگی جنون پھر بڑھنے لگا، بھارتی فوج نے پاکستانی سرحد کے قریب صحرائے تھر میں مشقیں شروع کر دیں مشقوں کے اختتامی روز بھارتی آرمی چیف جنرل دلبیر سنگھ بھی شرکت کریں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مشقیں’’ شترو جیت‘‘ کے نام سے جاری ہے جس میں جوہری،حیاتیاتی اور کیمیائی حملے سے بچا کی مشقیں کی جا رہی ہیں، جبکہ مشقوں میں افواج کے جنگی صلاحیتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ادھر بھارت نے ایٹمی وار ہیڈ لیجانے والے کے چار بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے، روس کی اسپوئنگ نیوز ایجنسی کے مطابق بھارت نے سمندر کی اندر بیس میٹر کی گہرائی سے ’’ کے چار‘‘ بیلسٹک میزائل فائر کیا جو سات سو کلو میٹر کے فاصلے پر اپنے ہدف پر جا کر لگا۔ بھارت کے سمندر سے خشکی پر مار کرنے والے ’’ کیچار‘‘ بیلسٹک میزائل کی لمبائی بارہ اعشایرہ ایک تین میٹر اور وزن تقریباً سترہ ٹن بتایا گیا ہے۔ یہ میزائل ایٹمی وار ہیڈ لیجانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس میزائل کی حد اکثر رینج ساڑھے تین ہزار کلو میٹر بتائی گئی ہے۔ادھر بھارتی فوج نے پاکستان پر بین الاقوامی سرحد پر فائر بندی معاہدے کے خلاف ورزی کا الزام دہراتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ سامبا سیکٹر میں اس کی ریگال پوسٹ کو سرحد پار سے نشانہ بنایا گیا۔ ایس ایس پی سامبا جو گیندر سنگھ نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی رینجرز نے بین الاقوامی سرحد پر ہلکے ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور سامبا سیکٹر میں ریگال پوسٹ کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جمعہ کو تقریباً سو ا دو بجے سرحد پار سے پانچ یا چھ گولے فائر کیے گئے۔