نئی دلی:(آئی این پی ) روس اور امریکا سے اسلحہ اور طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کرنے بعد بھی بھارت کا جنگی جنون کم نہیں ہوا اور اس کا اب فرانس سے 60 ہزار کروڑروپے مالیت سے 36 جدید رافیلز جنگی طیارے خریدنے کا معاہدے اصولی طور پر طے ہوگیا ہے تاہم ابھی اس پر دستخط ہونا باقی ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق اس معاہدے پر بات چیت ایک سال قبل وزیر اعظم نریندر مودی اور فرانسیسی صدر ہولیندے کے درمیان پیرس میں ہونے والی کانفرنس میں شروع ہوئی لیکن اس کو مکمل ہونے میں ایک سال کا عرصہ لگ گیا۔ بھارتی میڈیا کا دفاعی ذرائع کے حوالے سے کہنا تھا کہ معاہدہ باقاعدہ ایک ماہ میں عمل میں آجائے گا جب کہ اس سلسلے میں دونوں جانب کے مذاکرات کار حتمی معاہدے پر پہنچ گئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق ان 36 طیاروں کی مالیت 78 لاکھ یورو اوربھارتی روپے میں 60 ہزار کروڑ بنتی ہے جب کہ ابتدا میں فرانس یہ طیارے 80 ہزارکروڑروپے میں فروخت کرنا چاہتا تھا تاہم بعد میں وہ اس نئے معاہدے پر رضا مند ہوگیا۔ اس معاہدے میں طیارے میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور پائلٹ کی ٹریننگ بھی شامل ہے۔