جنگ کیلیے ہمہ وقت تیار رہنے کی ضرورت ہے، نیول چیف
کراچی:(ملت آن لائن) چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفرمحمود عباسی کا کہنا ہے کہ موجودہ وسائل میں ہمیں جنگ کیلیے ہمہ وقت تیار رہنے اور اپنی آپریشنل استعداد مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ پاک بحریہ کی جانب سے پی این ایس جوہرکراچی میں ٹیکنیکل سیمینار کا انعقاد کیا گیا،2روزہ سیمینار کے پہلے دن کے فائنل سیشن کے مہمان خصوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تھے،ٹیکنیکل سیمینار میں پاک بحریہ کے پیشہ وارانہ امور پر تحقیقی مقالے پیش کیے گئے۔ تقریب سے خطاب میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا کہنا تھاکہ گوادر کی اسٹریٹجک اہمیت کے پیش نظر پاک بحریہ کی ملک کے مغربی ساحل کی جانب توسیع ضروری تیکنیکی اعتبار سے مضبوط اور بہتر نیوی وقت کا تقاضا ہے، مستقبل میں گوادر کی اہمیت کراچی سے بڑھ جائے گی، میری ٹائم سیکٹرکی ترقی سے ملک کو خاطرخواہ زر مبادلہ حاصل ہو سکتا ہے،پاکستان میں میری ٹائم تعلیم کے ادارے ضروری ہیں تاکہ اس شعبے سے متعلق ماہراور پیشہ ور افراد دستیاب ہوسکیں، سیمینار میں پاک بحریہ کے افسران، سی پی اوز اورسیلرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
…یہ خبر بھی پڑھیے….آرمی چیف کا پی او ایف واہ کا دورہ
راولپنڈی:(ملت آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان آرڈنس فیکٹریز واہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ دفاعی پیداواری صنعت میں پی او ایف نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان آرڈنس فیکٹریز پی او ایف واہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو پی او ایف کے امور کار اور مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے یوریا مولڈنگ پلانٹ یو ایف ایم سی، اسٹیشن ہیڈ کوارٹرز کی عمارت اور پی او ایف کالونی سنجوال کا افتتاح بھی کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پی او ایف کے افسران اور کارکنوں سے خطاب بھی کیا۔ اپنے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی میں اپ گریڈیشن اوراستعداد کار کے حصول پر کام کیا جائے، دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کے لیے ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن پر کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی پیداواری صنعت میں پی او ایف نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ پی او ایف کا ملکی معیشت میں بھی نمایاں کردار ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکریٹری دفاعی پیداوار اور چیئرمین پی او ایف بھی اس موقع پر آرمی چیف کے ہمراہ موجود تھے۔