اسلام آباد: (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ بلوچستان سے گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی ایران میں موجودگی کی تمام تفصیلات مل گئی ہیں۔ ایران نے کلبھوشن کے ساتھی کی بھی معلومات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے حالات کی خرابی میں بھارت کی ہندو انتہا پسند جماعتیں ملوث ہیں۔ چودھری نثار کا اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت میں کہنا تھا کہ مریم نواز کی کسی بھی اجلاس کی صدارت کی باتیں قیاس آرائیاں ہیں۔ مریم نواز ابھی باقاعدہ سیاست میں نہیں آئیں۔ غیر ملکی سفیروں سے ملاقاتیں وزیراعظم کی صاحبزادی کی حیثیت سے ہوئیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس اختیار نہیں کہ کرپشن کے حوالے سے تحقیقات کرے۔ انتقامی سوچ رکھنے والے سمجھیں تحقیقات حکومت نہیں نیب کرتی ہے۔ وزیراعظم خود اس حوالے سے متفق ہیں کہ پاناما پر تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ حیران ہوں کہ جنھوں نے ملک لوٹا وہ کیسے ایمانداری کا راگ الاپ رہے ہیں۔ الزامات لگانے والوں سے یہ تو پوچھیں کہ سرے محل کس کا ہے؟ بلاول بھٹو کے والد، پھوپھی اور دیگر شخصیات کے اربوں روپے کے اثاثے ہیں۔ بلاول سے پوچھے کہ کیا کبھی انہوں نے ان اثاثوں کا کوئی ٹیکس دیا؟